ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / ٹینکروں سے فراہم کئے جانے والے پانی کی جانچ لازمی: شالنی رجنیش

ٹینکروں سے فراہم کئے جانے والے پانی کی جانچ لازمی: شالنی رجنیش

Sat, 01 Apr 2017 01:44:59    S.O. News Service

بنگلورو:31/مارچ(ایس او  نیوز) ریاست بھر میں پانی کی سربراہی میں مصروف واٹر ٹینکروں کے پانی کی جانچ کے بغیر ان کی تقسیم کی جانے نہیں دی جائے گی۔ ریاستی محکمہئ صحت کی پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر شالنی رجنیش نے آج یہ اعلان کیا۔ ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہری ودیہی علاقوں میں حکومت کی طرف سے ہو یا نجی فریقوں کی طرف سے پینے کے پانی کی سربراہی کے نام پر جو ٹینکرس دوڑائے جارہے ہیں ان کے پانی کی ہر وقت جانچ لازمی قرار دی گئی ہے۔ جب تک ڈاکٹر کی طرف سے پانی کو صحت مند قرار دیتے ہوئے تصدیق نہ کی جائے اس وقت تک ان ٹینکروں کا پانی عوام کو مہیا نہیں کرایا جاسکتا۔ اگر اس حکم کی پامالی کرتے ہوئے پانی فراہم کیا گیا اور اس سے عوامی صحت پر اثر پڑا تو محکمہئ صحت کی ہیلپ لائن 104 پر شکایت کی جاسکتی ہے، تاکہ ان ٹینکر مالکوں کے خلاف مجرمانہ کیس درج کرتے ہوئے کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی کسی بھی لاپرواہی کی صورت میں گرام پنچایتوں اور مقامی بلدی اداروں کو بھی نوٹس جاری کی جائے گی، پہلے ہی ان اداروں کو یہ ہدایت دی جاچکی ہے کہ اپنی اپنی حدود میں پانی کی جانچ کیلئے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کریں۔ پانی کی جانچ کا کام مسلسل جاری رہے گا، اگر پانی عوامی استعمال کے قابل نہ ہوتو فوری طور پر اس کی رپورٹ محکمہ کو دی جائے۔موسم گرما کے دوران ٹینکروں کا پانی استعمال کرنے سے عوامی صحت پر پڑنے والے اثرات کو زائل کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ خاص طور پر اس طرح کے پانی کے استعمال سے عوامی صحت پر جو اثرات مرتب ہوتے ہیں اور جس طرح کی متعدی بیماریاں پھیلتی ہیں حکومت اس سلسلے کو روکنا چاہتی ہے، ریاست کے ساحلی علاقوں کو چھوڑ کر تمام علاقوں میں متعدی بیماریوں کے پھیلنے کی شکایات عام ہیں۔ حکومت نے یہ تفصیلات بیماریوں میں مبتلا افراد کی طبی جانچ اور مختلف مقامات پر ہوئی پانی کی جانچ کی بنیاد پر یکجا کی ہیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے ضلع اسپتالوں کو بھی مستعد رہنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طور پر کواریوں کے کام میں مصروف لوگوں کی صحت کی حفاظت کرنے اور ان علاقوں میں صفائی کا خاص خیال رکھنے بلدی اداروں کو سخت ہدایت دی گئی ہے۔ ہنگامی حالات میں تعلقہ سطح پر بلڈ بینک قائم کرنے اور متعدی امراض سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مدد لینے تعلقہ انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے۔


Share: